کاروار:18؍مارچ(ایس اؤ نیوز)2کروڑ روپیوں سے زائد مالیت کی نشیلی اشیاء ہیروئن (براؤن شوگر) سپلائی کرنے کے الزام میں 4افراد کو ضلع کرائم برانچ دستہ (ڈی سی آئی بی ) پولس نے منگل کی رات انکولہ تعلقہ کے بالیگولی میں گرفتار کرلیا ہے جن کی شناخت انکولہ تعلقہ کلیشور کے نارائن بھاگوت (35) ، چندرہاس(29)، سداپور تعلقہ کیادگی کے ویربھدر ہیگڈے (43) ، ہبلی بائیل کے مکین پروین بھٹ(30) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ملزمان سے 2.6کلوگرام وزنی نشیلی اشیاء کے تین پاکٹ، سپلائی کے لئے استعمال کی گئیں 2کاریں اور چار موبائیل فون ضبط کرلئے گئے ہیں۔
ضلع اُترکنڑا کے ایس پی شیوپرکاش دیوارج نے بتایا کہ ملزمان کار کے ذریعے یلاپور کی طرف سے انکولہ کی جانب جارہے تھے، جس کے دوران ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ اس بات کا پتہ لگانا باقی ہے کہ انہیں کس نے نشیلی اشیاء سپلائی کیا تھا اور وہ کہاں لے جارہے تھے۔ ایس پی نے بتایا کہ ضلع میں پہلی مرتبہ اتنے بڑےپیمانے پر ڈرگس ضبط کرلی گئی ہیں۔ ملزمان کن کن سے رابطے میں ہیں اس تعلق سے بھی جانچ ہورہی ہے۔
ضبط شدہ ہیرائن کس معیار کی ہے اسے جاننے کے لئے سمپل کو جانچ کے لئے بنگلورو لیباریٹری روانہ کیا گیا ہے۔ اگلے دودنوں میں اس کی رپورٹ ملنے کی توقع ہے۔ اس سے قبل ہیرو ئن کی فروخت کاری کاجال بنگلورومیں متحرک تھا وہاں آفریقہ گروہ اس میں ملوث تھا جس کو پولس نے کامیابی کے ساتھ ختم کیاتھا۔ اب یہاں گرفتارشدہ ملزمان کے کن کن لوگوں کے ساتھ تعلقات ہیں جانچ کے بعد ہی پتہ چل سکتا ہے۔
ایس پی نے بتایا کہ گزشتہ 6مہینوں سے ڈرگس کے جال کے خاتمے کے لئے پولس نہایت سرگرم ہیں۔ جس کولےکر ڈانڈیلی اور سرسی میں چھاپہ ماری کی جاچکی ہے۔ ان کارستانیوں کا مرکز کونسا ہے کہاں سے یہ سب کچھ انجام دیاجارہاہے اس کا پتہ لگایاجائے گا اور ا س کے پیچھے کوئی بھی ہو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلےمیں اُڈپی ، منگلورو، بیلگام اور ہبلی اضلاع کی پولس سے بھی جانکاری لی جارہی ہے۔ کارروائی میں ڈی سی آئی بی کے انسپکٹر نسچل کمار ، اے ایس آئی ونسنٹ فرنانڈیز، منجوناتھ این نائک، کانسٹبل سدانند ساونت، گنیش نائک، رودریش میترانی ، مادھونایک شریک تھے۔ کامیاب کارروائی پر پولس ٹیم کو ایس پی نے نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے